کوئٹہ: پولیس وین پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا، تربت میں چیک پوسٹ کے قریب 2 راکٹ فائر

کوئٹہ+ تربت (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ میں موٹر سائیکل سواروں نے پولیس وین پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور مارا گیا، دو فرار ہوگئے۔ پسٹل اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا۔ تربت میں ایف سی کی چیک پوسٹ جوسک کے قریب 2 راکٹ فائر کئے گئے۔ راکٹ چیک پوسٹ کے قریب دھماکے سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جوابی کارروائی پر ملزم فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ کیچی بیگ کی گاڑی قمرانی روڈ سے گزر رہی تھی کہ ناشناس کالونی کے قریب اس پر 3 موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی۔ ایک ملزم زخمی ہوگیا جسے پولیس نے ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ادھر کوئٹہ میں موٹر سائیکل سواروں نے ایک گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا جو پھٹ نہ سکا اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ کشمور سے نامہ نگار کے مطابق کشمور اور نواح میں ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف کشمور پولیس نے بکتر بند گاڑیاںاور موبائلوں کے ہمراہ گوٹھ حاجی عبداللہ مزاری میں آپریشن کیا اور  ملزمان کے 3گھر جلا دیئے‘ ملزمان نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کی 3 راکٹوںکے دھماکے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر جعفری تنگوانی میں نامعلوم شرپسندوں نے گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی۔ ذمہ داری بی آر اے نے قبول کر لی۔