دہشت گردی کو ختم کرنے میں پاکستان کیساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں: بھارت

نئی دہلی (اے این این)  بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی  دونوں ملکوں کے تعلقات میں بڑی رکاوٹ ہے، اس ناسور کے خاتمے کیلئے  پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں، دہشت گردی کے مسئلے پر ہم حکومت پاکستان کے ساتھ ایک ہی صفحے پر کھڑے ہیں۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ سجھاتا سنگھ نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر خاتون صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف ہرممکن  وسائل استعمال کرنا ہونگے اور ہم اس سلسلے میں پاکستان کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا جواب دہشت گردی سے نہیں دے سکتے۔ دونوں ملکوں کو موجودہ حالات میں موثر اور بہتر انداز میں اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک  امن و استحکام چاہتے ہیں، ہم خطے میں خوشحالی کے خواہشمند ہیں لیکن دہشت گردی اس منزل  کے حصول میں رکاوٹ ہے۔