ایل پی جی کی قیمت میں تیسرے روز بھی اضافہ، 5 روپے کلو مزید مہنگی

 لاہور +اسلام آباد ( نیوز رپورٹر +خبرنگار) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے تین دنوں میں تیسری بار ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ اتوار کو ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے پیر کو 5 روپے جبکہ گزشتہ روز 5 روپے فی کلو گرام اضافہ کیا گیا، جس سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر قیمت میں تیسری بار بلاجواز اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں آئے روز بے بنیاد اضافے پر اوگرا کا کردار ایک سوالیہ نشان ہے۔ رمضان کے مقدس ماہ میں ایل پی جی مافیا کی بلیک مارکیٹنگ نے غریب عوام کا خون چوس لیا ہے۔ اوگرا نے فی الفور ایکشن نہ لیا تو ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے آج ہونے والے ہنگامی اجلاس میں اوگرا کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیں گے۔ اضافے کے بعد کراچی میں ایل پی جی کی قیمت 105 روپے فی کلوگرام اور گھریلو سلنڈر 1210 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سیالکوٹ، حیدر آباد، سکھر میں 120 روپے فی کلوگرام اور گھریلو سلنڈر 1390 روپے، میرپور، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، پشاور، کوہاٹ، بنوں میں 125 روپے فی کلوگرام اور گھریلو سلنڈر 1450 روپے، راولپنڈی، اسلام آباد میں 140 روپے فی کلوگرام اور گھریلو سلنڈر 1630 روپے، مری نتھیا گلی، مظفر آباد، باغ، آزاد کشمیر، فاٹا میں 150 روپے فی کلوگرام اور گھریلو سلنڈر 1750 روپے کا ہوگیا ہے۔