وزیراعظم نے تمام محکموں سے 5 سالہ کارکردگی رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد (ثناءنیوز) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے تمام وفاقی وزارتوں ، ڈویژنوں، اداروں ومحکموں سے 12 جنوری تک پانچ سالہ کارکردگی رپورٹ طلب کرلی ۔ وسائل کے استعمال، فنڈز کی تقسیم ،نئے منصوبوں کی تکمیل وجاری کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ترجمان وزیراعظم ہاﺅس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں کو بھجوا دی گئی ہیں۔ پانچ سال کے دوران استعمال ہونے والے فنڈز بجٹ کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی اس طرح مکمل منصوبوں اور جن منصوبوں پر کام جاری ہیں ان کی الگ الگ تفصیلات مانگی گئی ہیں۔