انٹرپول نے شاہ رخ کے خلاف ثبوت ناکافی قرار دیدئے‘ اس نام کا شخص یہاں نہیں آیا : دبئی پولیس

کراچی(نوائے وقت نیوز) شاہ زیب قتل کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کے خلاف انٹرپول نے ثبوت ناکافی قرار دےدیئے۔ دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ رخ جتوئی نام کا شخص دبئی میں داخل ہی نہیں ہوا۔ شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری کیلئے جانےوالی ٹیم نے دبئی میں پیپلز پارٹی کی اہم سیاسی شخصیات سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم نے شاہ رخ کی حوالگی میں مدد کرنے کیلئے رابطہ کیا۔ دوسری طرف سندھ پولیس کی ٹیم نے شاہ رخ جتوئی کے خلاف ثبوت انٹرپول کے حوالے کئے ہیں جنہیں انٹر پول حکام نے ناکافی قرار دے دیا ہے جبکہ دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ رخ جتوئی نامی شخص دبئی میں داخل نہیں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم سیاسی شخصیات کے ذریعے شاہ رخ جتوئی کی حوالگی چاہتی ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شاہ زیب قتل کیس میں سکندر جتوئی کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا سراج تالپور، سجاد تالپور، غلام مرتضیٰ لاشاری کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔ ملک بھر کے ائرپورٹس اور چیک پوسٹوں کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔