مسلم لیگ (ن) سے اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنا چاہتے ہیں : متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار

مسلم لیگ (ن) سے اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنا چاہتے ہیں : متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر  ڈاکٹر فاروق ستار

اسلام آباد /کراچی (آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ڈپٹی کنوینئر وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے نائن زیرو کے دورہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت جب بھی نائن زیرو آئےگی اس کا فقید المثال استقبال کرینگے۔ ہم ملک و قوم کی بہتری کیلئے مسلم لیگ (ن) سے اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ جمعرات کو گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم کھلے دل کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجز کے مقابلے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگ (ن) کے پاس گئے تھے ہمارے جذبے کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سراہا ہے ہم ان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ میاں شہباز شریف یا مسلم لیگ (ن) کی قیادت جب بھی نائن زیرو کا دورہ کریگی متحدہ ان کا فقید المثال استقبال کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں پاکستان کی سلامتی کو متعدد خطرات لاحق ہیں۔ ملک کی تمام سیاسی قیادت کو وسیع النظری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔