گاڑی کیس: جسٹس شوکت صدیقی کی مزید دلائل سننے سے معذرت
اسلام آباد( وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کے مقدمہ میں مزید دلائل سننے سے معذرت کرلی ہے۔ جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔فاضل جسٹس سماعت کے دوران سابق چیف جسٹس کے وکلا کی جانب سے مقدمے پر مزید دلائل دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دلائل سننے سے معذرت کرلی ہے اور کہا کہ وہ مزید دلائل نہیں سنیں گے عدالت نے کہا کہ گاڑی دینے کا اگرفاضل عدالت کا حکم معطل ہوا ہے تو ابتک گاڑی واپس کیوں نہیں کی گئی۔ فاضل عدالت نے فریقین کو کہا کہ آٹھ دسمبر کو بلٹ پروف گاڑی عدالت میں پیش کی جائے۔