پشاور میں 2 گھنٹے کے دوران 2 بم دھماکے‘ ایک گاڑی کو نقصان‘ ڈی ایس پی چمکنی محفوظ رہے
پشاور(بیورو رپورٹ) پشاور میں 2 گھنٹے کے دوران 2بم دھماکوں سے گونج اٹھا‘ پہلا دھماکہ حیات آباد میں سڑک کنارے نصب ٹائم ڈیوائس بم جبکہ دوسرا دھماکہ خزانہ میں ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعہ ڈی ایس پی چمکنی کو نشانہ بنانے کیلئے کیا گیا تاہم دونوں دھماکوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ سڑک کنارے کھڑی ایک مزدا گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دونوں دھماکوں میں 5؍5کلو گرام بارودی مواد، بال بیئرنگ اور نٹس استعمال ہوئے جمعہ کے روز9 بجے کے قریب نامعلوم تخریب کاروں کی جانب سے تھانہ حیات آباد کی حدود میں جمرود پر سڑک کنارے مٹی کے ڈھیر میں نصب بم زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں سڑک کنارے کھڑی مزدا گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم دھماکہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثناء 11بجے کے قریب نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے تھانہ خزانہ کی حدود میںنادرن بائی پاس پر ڈی ایس پی چمکنی عبد السلام خان کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا بم زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا تاہم ڈی ایس پی اور ان کے محافظ معجزانہ طور پر بچ گئے۔