چیئرمین نادرا طارق ملک ایف آئی اے تحقیقاتی کمیٹی میں پیش

اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین نادرا طارق ملک ایف آئی اے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے جہاں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ  دوہری شہریت ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ آئی ٹی پروفیشنل ہوں اس میں کون سا جھوٹ ہے؟ جبکہ انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو تحریری بیان پیش کرنے کیلئے دو روز کی مہلت مانگ لی، کل (جمعہ کو) تحریری جواب تحقیقاتی کمیٹی کو پیش کردیا جائیگا۔ طارق ملک سے پاسپورٹ بناتے ہوئے معلومات خفیہ رکھنے، دہری شہریت نہ ظاہر کرنے اور اپنے آپ کو آٹی پروفیشنل ظاہر کئے جانے کے حوالے سے سوال کئے گئے۔ طارق ملک نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے ایک عام پاکستانی کے طور پر پاسپورٹ حاصل کیا اور پاسپورٹ کے حصول میں جلدی کیلئے اپنے سرکاری عہدے کا استعمال نہیں کیا جو انکے جذبہ حب الوطنی کا ثبوت ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے کہا تھا کہ چیئرمین نادرا طارق ملک کیخلا ف قانونی کارروائی سے پہلے انکا بیان لیا گیا۔ طارق ملک نے جان بوجھ کر اپنی کینیڈین شہریت چھپائی۔ چیئرمین نادرا نے پاسپورٹ میں سرکاری ملازمت کا ذکر بھی نہیں کیا۔ کئی افسران نے پاسپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی، تحقیقات کے پابند ہیں، چیئرمین نادرا کو ہراساں نہیں کیا جا رہا۔