نسیم ولی کیلئے اے این پی میں کوئی جگہ نہیں: میاں افتخار، حاجی عدیل

پشاور (نوائے وقت نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے بیگم نسیم ولی اور اعظم ہوتی کی طرف سے پارٹی قیادت پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ میاں افتخار کا کہنا ہے کہ بیگم نسیم ولی کیلئے اے این پی میں کوئی جگہ نہیں جبکہ حاجی عدیل نے کہا  کہ ہم اسفندیار ولی کو اپنا لیڈر مانتے ہیں۔ اے این پی کے رہنما حاجی محمد عدیل اور میاں افتخار حسین نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بہن بھائی مل کر پارٹی کے خلاف سازش میں مصروف ہیں۔ میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ بیگم نسیم ولی کا اختلاف سیاسی نہیں گھریلو ہے۔بیگم نسیم ولی گھریلو اختلافات کو سیاسی رنگ دے کر پارٹی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ بیگم نسیم ولی خان کی طرف سے اسفندیار ولی پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اے این پی میں بیگم نسیم ولی خان کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ ہم اسفندیار کو اپنا لیڈر مانتے ہیں۔ حاجی عدیل نے کہا کہ اے این پی سے متعلق ابہام دور کرنا چاہتے ہیں۔ پارٹی کے اندر انتخابات کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ اسفندیار ولی اے این پی کے غیر متنازعہ قائد ہیں اور پارٹی ان کی قیادت میں متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں شکست پر پارٹی کے تمام لیڈروں کو سزا دی گئی۔