عمران خارجہ پالیسی کا احترام کریں، سفارتی معاملات سڑکوں پر حل نہیں ہو سکتے: پرویز رشید

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے تحریک انصاف اے پی سی کے فیصلوں پر عملدر آمدکرے ، بلے کا ہلہ گلہ سڑکوں پر نہیں ہونا چاہیے، عمران خان خارجہ پالیسی کا احترام کریں، سفارتی معاملات کو سڑکوں پر حل نہیں کیا جا سکتا، طالبان کے ساتھ مذاکرات میں رکاوٹیں آئیں، انشاء اللہ ان رکاوٹوں کو دور کریں گے۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ افغانستان انتہائی مثبت رہا اور افغان صدر سے خطے کی صورتحال سمیت امریکی فوج کے افغانستان سے انخلاء کے بارے صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ تمام دینی و سیاسی جماعتوں کو قومی معاملات میں ایک ہونا چاہئے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی طرف سے نیٹو سپلائی کی بندش کے بارے میں کہا کہ تحریک انصاف اے پی سی کے فیصلے پر عملدر آمد کرے۔ بلے کا ہلہ گلہ میدانوں میں اچھا لگتا ہے یہ سڑکوں پر نہیں ہونا چاہئے۔ ہمیشہ سفارتی معاملات کو  مذاکرات سے حل کیا جاتا ہے نہ کہ ان کا حل سڑکوں پر کیا جاتا ہے۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کو نئے سرے سے لے کر چلیں گے۔