شوہر نے روٹھی بیوی پر تیزاب پھینک دیا، ہسپتال داخل

لاہور (نامہ نگار + نیوز رپورٹر) فردوس مارکیٹ کے علاقہ میں شوہر نے روٹھی بیوی پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا جبکہ خاتون کو تشویشناک حالت میںہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق فردوس مارکیٹ کی 23سالہ راشدہ کی شادی تین سال قبل خانیوال کے رہائشی اقبال سے ہو ئی تھی۔کچھ عرصہ قبل راشدہ اپنے خاوند سے ناراض ہو کر اپنے میکے آگئی تھی۔ گزشتہ روز را شدہ اپنی والدہ کے ہمراہ کسی کام کے سلسلے میں گھر سے با ہر جا رہی تھی کہ اقبال اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آیا اور راشدہ کو ساتھ چلنے کے لئے کہا راشدہ کے انکار پر اقبال نے راشدہ پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔ تیزاب گرنے سے راشدہ بری طرح جھلس گئی۔ اطلاع ملنے پر فردوس مارکیٹ پولیس نے راشدہ کے خاوند کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت نے گزشتہ شام سروسز  ہسپتال کا دورہ اور اپنے خاوند کے ہاتھوں  جھلسنے والی خاتون راشدہ کی عیادت کی۔ ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر ریحانہ ملک نے بتایا کہ خاتون کے چہرے کا نصف حصہ اور بازو تیزاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔