شاہی خاندان کے ارکان سمیت سعودی عرب کے 10 رکنی وفد کا دورہ لاہور

لاہور (مبشر حسین/دی نیشن رپورٹ) سعودی عرب کے شاہی خاندان کے ارکان سمیت سعودی عرب کا 10 رکنی وفد کل شام لاہور پہنچا۔ سرکاری طور پر انکے اس دورے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ وفد میں سعودی بارڈر سکیورٹی فورس کے ارکان بھی شامل ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ پاکستان حکام کے ساتھ سکیورٹی امور پر بات ہوگی۔ امیگریشن حکام نے تصدیق کی کہ سعودی ٹیم ریاض سے براہ راست نجی طیارے کے ذریعے لاہور آئی ہے۔ پنجاب رینجرز اور پروٹوکول ونگ نے انہیں خصوصی احترام دیا ہے۔ رینجرز کے ڈی جی میجر جنرل خان طاہر جاوید خان خود بھی ائرپورٹ پر استقبال کرنیوالوں میں شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق وفد میں خواتین شامل ہیں اور وہ رینجرز کے سینئر حکام کے علاوہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گی۔ انہیں سخت حفاظتی انتظامات میں ایک مقامی ہوٹل میں رکھا گیا ہے۔ پنجاب حکومت یا سینئر رینجرز اہلکاروں سے اس معاملے پر مزید تفصیلات نہیں مل سکیں۔