بلدیاتی الیکشن جنوری میں ممکن نہیں‘ سندھ حکومت نے مزید وقت مانگ لیا

 کراچی (آئی این پی+نوائے وقت نیوز) وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جنوری میں ممکن نہیں ،ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات مارچ کے مہینے میں ایک ساتھ کرائے جائیں، بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے میں جلد بازی نہ کی جائے، الیکشن کمشن اور سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مشاورت سے جاری کرنے کے پابند ہیں،انتخابات میں مقناطیسی سیاہی کے استعمال کو لازمی بنایا جائے۔میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے میں جلد بازی نہ کی جائے، جنوری میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہیں لہٰذا مارچ میں ملک بھر میں ایک ہی روز بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے لئے مزید وقت درکار ہے اور انتخابات کے لئے مقناطیسی سیاہی کو لازمی قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے گزشتہ روز سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا تھا۔