مہنگائی 8 فیصد کم ہونی چاہئے، حکومت اقدامات کرے: اقتصادی ماہرین
لاہور (احسن صدیق) اقتصادی ماہرین نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہئے، کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں کم از کم 5 سے 8 کمی ہونی چاہئے، حکومت مہنگائی میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے موثر اقدام کرے، اس کیلئے ضروری ہے کہ بجلی، ٹرانسپورٹ کرایوں، صنعتی اور زرعی پیداواری قیمت میں کمی ہو، اگر ایسا نہ ہوا تو اسکے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہونگے۔ ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے اور نومبر میں مہنگائی میں 5 فیصد تک کمی ہو سکتی ہے تاہم حکومت کی آمدنی میں کمی ہو گی۔ بجٹ خسارہ بڑھے گا جو کہ آگے چل کر مہنگائی کا باعث بنے گا اس پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھائے۔ ڈاکٹر ابراہیم مغل نے کہا کہ ملک میں 11 ارب لٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے اور فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 6.18 روپے کمی سے صارفین کو 70 ارب روپے کے لگ بھگ فائدہ پہنچے گا۔ پٹرول کی فی لٹر قیمت 9.43 روپے کمی سے صارفین کو 40 ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا اور مٹی کے تیل کی فی لٹر قیمت 8.16 روپے کمی سے 25 ارب روپے کے لگ بھگ فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی اور ضروریات زندگی کی قیمتوں میں 8 فیصد تک کمی ہونی چاہئے اس کیلئے حکومت موثر اقدام کرے۔ دریں اثناء کاروباری برادری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے اشیاء کی فوری طور پر کمی ممکن نہیں، ہمارے پاس پرانی قیمتوں پر خریدا گیا مال ہے اسے فروخت کرنے کے بعد جب نیا مال خریدیں گے تو اس کی قیمت کے تناسب سے فروخت کریں گے۔