پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار، صرف لائٹ سپیڈ ڈیزل 5.38 روپے لٹر مہنگا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے عوام کے لیے خوش خبری ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جولائی کے مہینے میں وہی رہیں گی۔ پٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل، ہائی آکٹین، مٹی کے تیل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ صرف لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 38 پیسے فی لٹر اضافہ کیا جا رہا ہے۔ وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی مد میں 3 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرے گی۔نمائندہ خصوصی کے مطابق لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 43روپے 35پیسے ہوگی۔ وزیر خزانہ نے کہا اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 93پیسے، کیروسین آئل کی قیمت میں 8روپے 62پیسے، ڈیزل کی قیمت میں تین روپے 75پیسے اور ایچ او بی سی کی قیمت میں تین روپے 53 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی تھی جو حکومت نے منظور نہیں کی۔ پٹرول 64روپے 27پیسے‘ ایچ او بی سی 72روپے 68پیسے کیروسین آئل 43روپے 25پیسے‘ ہائی سپیڈ ڈیزل 72روپے 52پیسے فی لٹر برقرار رہے گی۔ مزید براں ایف بی آر نے پٹرولیم مصنوعات پر یکم جولائی سے جی ایس ٹی کی شرح میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ایچ او بی سی پر جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد مقرر کر دی گئی ہے۔ کروسین آئل پر 7 فیصد‘ ہائی سپیڈ ڈیزل پر 28 فیصد اور لائٹ ڈیزل آئل پر جی ایس ٹی کا ریٹ 5 فیصد ہو گا۔ اس سے قبل پٹرول پر جی ایس ٹی کی فیصد کی شرح کی بجائے 14 روپے 48 پیسے فی لٹر وصول کئے جا رہے تھے۔ جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر 29 روپے 57 پیسے فی لٹر ٹیکس لیا جا رہا تھا۔