ڈی آئی خان‘ پشاور میں فائرنگ‘ بم دھماکہ: ڈی ایس پی سمیت 4 شہید
کوئٹہ (بیورو رپورٹ + رائٹر)کوئٹہ میں فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ڈبل روڈ پر ایف سی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر سریاب کے علاقے لنک بادینی میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور ایک مکان میں موجود دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے، ترجمان کے مطابق ہلاک ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے جو حالیہ دنوں میں ہونے والی پولیس اور ایف سی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں بھی برآمد کی گئیں۔ دہشت گردوں کی نعشیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئیں دوسری جانب ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے واقعے کا مقدمہ تھانہ انڈسٹریل میں ایف سی حکام کی مدعیت میں نامعلوم ملزموں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں قتل ، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ لشکر جھنگوی نے ایف سی اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارکان نے 150 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کی 60 موٹر سائیکل قبضے میں لے لئے۔ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 15کلودھماکہ خیزمواد، 8کلو گرام وزنی بم اور دوعدد راکٹ کے گولے برآمدکرکے قبضے میں لے لئے۔ایف سی حکام کے مطابق نصیر آباد میں موضع گورشانی میں ایف سی اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے کارروائی کی۔
ڈیرہ اسماعیل خان + پشاور + لاہور (نامہ نگار/ بیورو رپورٹ/ نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے 2 واقعات میںڈی ایس پی سی ٹی ڈی اور ایک پولیس اہلکار شہید ہو گئے جب کہ پشاور میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ 7 شہری زخمی ہو گئے۔ ڈی آئی خان کے علاقہ ڈیال روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی شہید ہو گیا ڈی یس پی نور محمد دفتر سے گھر جا رہے تھے فائرنگ ہو گئی جبکہ مدینہ کالونی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف آر پی کانسٹیبل شاہ زیب محسود شہید ہو گیا۔ دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے۔ قلات میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے 4راکٹ فائر کئے جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کوئٹہ میں فائرنگ سے شہید ہونے والے4ایف سی اہلکاروں کو سپرد خاک کر دیا گیا نماز جنازہ ایف سی ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر حکام نے شرکت کی، فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے پشاور اور اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران33افغان باشندوں سمیت139مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کوئٹہ کلی ابڑو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محرر زخمی ہو گیا جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی زخمی ہو گیا۔ ڈیرہ مراد جمالی میں ایف سی نے کامیاب کارروائی کرتے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا، اسلحہ میں12راکٹ لانچر بھی شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی شہر میں اسلحہ لیکر چلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے دفعہ144کے تحت ایک مہینے کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے پابندی دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد عائد کی گئی ہے۔ پشاور میں تھانہ فقیر آباد کی حدود رشید آباد میں سڑک کنارے نصب ریمورٹ کنٹرول بم زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں ریٹائرڈ جسٹس شاہجہان خان کی رہائشگاہ پر تعینات ایک پولیس اہلکار زمان شہید جبکہ دیگر 7شہری شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے افطار سے چند منٹ قبل رہائشی علاقہ میں ہونے والا یہ دھماکہ اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا پولیس کے مطابق دھماکہ پراپرٹی ڈیلرقاری اصغر کی گاڑی پر کیا گیا ہے جس کی ذاتی دشمنی چلی آرہی ہے تاہم جائے وقوعہ سے شواہد وغیرہ اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیاگیا ہے۔