مقبوضہ کشمیر: بھارتی حکام نے پاکستانی قیدی کو اذیتیں دیکر شہید کیا
جموں+ سیالکوٹ(اے پی پی+ نامہ نگار) 9 سال قبل غلطی سے ورکنگ باؤنڈری عبور کرنیوالے پاکستانی کو بھارتی حکام نے جیل میں طرح طرح کی اذیتیں دیکر شہید کیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ کلال پسرور کا رہائشی محمد اشرف 2006ء میں سیر کیلئے گھر سے نکلا اور چلتے چلتے لاعلمی میں ورکنگ باؤنڈری عبور کرکے معراجکے سیکٹر سے مقبوضہ جموں میں داخل ہو گیا اسے بی ایس ایف کے اہلکاروں نے گرفتار کر لیا محمد اشرف کو بغیر دستاویزات مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کے جرم میں جیل میں ڈالا گیا جہاں جیل کے حکام محمد اشرف کو مسلسل 9 سال تک طرح طرح کی اذیتیں دیتے رہے جس سے 56 سالہ محمد اشرف بیمار اور کمزور ہوکر 66 برس کا دکھنے لگا گزشتہ دنوں اس کا اذیت سہتا جسم روح کا ساتھ چھوڑ گیا محمد اشرف کی میت واہگہ بارڈر پر بی ایس ایف حکام نے پاکستان رینجرز کے حوالے کر دی جسے پسرور لایا گیا نماز جنازہ کے بعد محمد اشرف کو سپردخاک کر دیا گیا اس موقع پر سینکڑوں افراد موجود تھے انہوں نے بھارتی حکام کے اشرف پر مظالم اور انسانیت سوز سلوک کیخلاف نعرے لگائے۔