پرویز الہی سے ملاقات، سلمان موہل کا ق لیگ میں شمولیت کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ نے مسلم لیگ (ن) کے میاں آصف منظور موہل کے کزن سلمان موہل کو مسلم لیگ ن سے توڑ کر میاں طاہر بشیر چیمہ والا حساب چکانے کی کوشش کی ہے۔ ق لےگ کے سینئر مرکزی رہنما اور نائب وزےر اعظم چودھری پرویزالٰہی سے سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس لاہور میں سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی میاں منظور موہل کے بھتیجے میاں سلمان موہل نے سابق ضلع ناظم بہاولپور طارق بشیر چیمہ، سابق ایم پی اے سید عرفان گردیزی، چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن چودھری عبد الجبار کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر میاں سلمان موہل نے مسلم لیگ ن چھوڑ کر (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وہ پی پی 280 بہاولنگر سے (ق) لیگ کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے، ق لیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے موجودہ ایم پی اے آصف منظور موہل نے بھی ان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سیاسی اہمیت کی حامل موہل فیملی کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ ہمارے دل دھڑکتے ہیں، ان کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے ہم نے ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا، یہی وجہ ہے کہ آج لوگ ہمارا دور یاد کر کے ہمیں دعائیں دیتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آئندہ جنرل الیکشن میں مسلم لیگ ن تنہائی کا شکار رہے گی، آئندہ الیکشن میں پنجاب میں مسلم لیگ ن کا صفایا ہونے والا ہے۔ اس موقع پر میاں سلمان موہل نے کہا کہ بہاولنگر سے موہل فیملی کے بزرگوں نے متفقہ طور پر مجھے الیکشن لڑنے کی اجازت دی ہے، شہباز شریف عوام کے دکھ درد سے آشنا نہیں ان پر شخصی آمریت کا بھوت سوار ہے۔ موجودہ ایم پی اے میاں آصف منظور موہل جن کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے اور میرے کزن بھی ہیں انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ آئندہ الیکشن پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے لڑیں۔ انہوں نے باقاعدہ طور پر حلقے میں اعلان کر دیا ہے کہ وہ آئندہ مسلم لیگ ن کی طرف سے الیکشن نہیں لڑیں گے۔ تاہم ممبر صوبائی اسمبلی محمد آصف موہل نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ انہوں نے ق لیگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) میں ہیں اور اسی پارٹی میں ہی رہیں گے۔