وزارت خارجہ میں قواعد اور طریقہ کار کے منافی لیگل ایڈوائزر کا تقرر

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) وزارت خارجہ نے اعلان شدہ قواعد اور طریقہ کار کے مبینہ طور پر منافی کم قابلیت کے حامل امیدوار کو اپنا لیگل ایڈوائزر مقرر کر لیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ایک ذریعے کے مطابق ماہ جون میں وزارت خارجہ نے اخبارات میں لیگل ایڈوائزر کی اسامی کیلئے اشہتار دیا تھا۔ امیدوار کیلئے کم از کم ایل ایل ایم کی تعلیم ضروری قرار دی گئی تھی۔ چھبیس جولائی کو اس اسامی پر امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے۔کل چھ امیدواروں نے انٹرویو دیئے لیکن حیرت انگیز طور پر ان امیدواروں کو مسترد کر دیا گیا جو میرٹ پر پورا اتر رہے تھے ان کی جگہ ایک ایسے امیدوار کو منتخب کر لیا گیا جس کے پاس امریکہ کی ”جے ڈی“ ڈگری ہے۔ یہ ڈگری ایل ایل بی کے مساوی ہے۔ ان امیدواروں نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے اپیل کی ہے کہ وہ وزارت خارجہ میں میرٹ پر لیگل ایڈوائزر کے تقرر کو یقینی بنائیں۔