محترمہ فاطمہ جناحؒ کا 120 واں یوم ولادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

محترمہ فاطمہ جناحؒ کا 120 واں یوم ولادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان کی نامور رہنما اور قائداعظمؒ کی ہمشیرہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کا 120 واں یوم ولادت لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ لاہور میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے مادرملت کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی اور سیمینار منعقد کئے گئے جن میں ان کی تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے بعد قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کلچرل ونگ پنجاب کی رہنما مسز ملک نے اپنی رہائش گاہ پر ایک تقریب منعقد کی جس کی صدارت چودھری عبدالغفور نے کی جبکہ مقررین میں بیگم ذکیہ شاہنواز، معاون وزیراعلی رخسانہ کوثر، نسیم بانو، رخسانہ کوکب، راحت افزائ، غزالہ نصرت بیگ و دیگر نے خطاب کیا۔ مسلم لیگ ہمخیال کے دفتر و رہائش گاہ ہمایوں اختر خان 114 سرور روڈ پر بھی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ چودھری ناصر محمود ایڈووکیٹ، شیخ رضوان، میاں آصف و دیگر نے مادر ملت کی قومی خدمات کو سراہا ق لیگ شعبہ خواتین کی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی ثمینہ خاور حیات کی صدارت میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے ممبران پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سامعہ امجد، ماجدہ زیدی، خدیجہ فاروقی و دیگر نے خطاب کیا۔