5 لیگی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے استعفے حمید الدین کے حوالے کر دیئے
فیصل آباد+ ساہیوال/ سرگودھا (آن لائن + نامہ نگار) دھوبی گھاٹ اقبال پارک میں پیر آف سیال شریف خواجہ حمید الدین سیالوی کی صدارت میں ہونے والی تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے دو ایم این اے اور تین ایم پی ایز نے استعفے دینے کا اعلان کیا۔ پیر آف سیال شریف خواجہ حمیدالدین سیالوی کو استعفے پیش کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے غلام بی بی بھرانہ اور ڈاکٹر نثار جٹ، ایم پی ایز میں نظام الدین سیالوی، مولانا رحمت اور محمدخان بلوچ شامل ہیں جبکہ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا نے اعلان کیا ہمار ے پاس 20بلدیاتی چیئرمینوں کے استعفے بھی ہیں۔ رانا ثنا نے استعفیٰ نہ دیا تو مزید 15ارکان اسمبلی کے استعفے آئیں گے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ پیر حمیدالدین سیالوی نے کہا یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا میں سیاسی بات کرنے نہیں آیا نہ ہی کسی کو ووٹ کا کہوں گا۔ ختم نبوت کی بات کرنے آیا ہوں، ہم ختم نبوت کے تحفظ کیلئے آئے ہیں۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا، ملک بنا تو وعدہ کیا گیا کہ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نافذ کریں گے۔ کیوں نہ زندگی کے چند دن ختم نبوت پر قربان کردیں۔ آئی این پی کے مطابق فیصل آباد کے تاریخی دھوبی گھاٹ گرا ئونڈ میں ہو نے والی تحفظ ختم نبوت کا نفرنس میں تاریخ کا سب سے بڑا اکٹھ ہوا جس میں 1لاکھ سے زائد عا شقان رسول ﷺ نے شرکت کی۔ اس سے پہلے سابق وزیراعظم مرحوم ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، سا بق وزیر اعظم میاں نوز شریف اور عمران خان بھی اتنا بڑا اجتماع نہیں کر سکے۔ لیگی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، ایم این اے نثار جٹ، ایم پی اے غلام نظام الدین، ایم پی اے محمد خان بلوچ اور مولوی رحمت اللہ سٹیج پر پہنچے اور سیاسی مستقبل کا اختیار پیر حمید الدین سیالوی کو دے دیا۔ ذرائع کے مطابق ارکان نے سیال شریف درگاہ کے پیر اور تحریک لبیک کے رہنما پیر حمید الدین سیالوی کو استعفے پیش کرتے ہوئے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ فوری طور پر مستعفی ہوں۔ انہوں نے اپنے عہدوں سے استعفے نہ دیئے تو پھر بہت سے ارکان اسمبلی بھی تیار ہیں۔ ساہیوال/سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سجادہ نشیں آستانہ عالیہ سیال شریف صاحبزادہ حمید الدین سیالوی کی جیل بھرو تحریک کی ابتداء میں بلند بانگ دعوے کرنے والے 4 مسلم لیگی ارکان اسمبلی عین وقت پر ساتھ چھوڑ گئے۔ ممبر صوبائی اسمبلی وارث کلو، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں، ممبر قومی اسمبلی حامد حمید چوہدری اور ممبر قومی اسمبلی شیخ اکرم نے سیال شریف میں صاحبزادہ محمد حمیدالدین سیالوی سے کئی بار ملاقات کرکے اپنی حمایت کا بھرپور یقین دلایا اور رانا ثناء اللہ کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں اسمبلیوں کی نشست سے خود مستعفی ہونے کی یقین دہانی کرائی لیکن وہ عین وقت پر ساتھ چھوڑ گئے اور ختم نبوت کانفرنس میں بھی شرکت نہ کی۔ ختم نبوتؐ کانفرنس میں ساہیوال، فروکہ، نہنگ، وجھ، چاوے والا اور گردونواح سے مجموعی طور پر چالیس ہائی ایس ویگنوں کا قافلہ شامل ہوا۔ قافلہ کی قیادت فضل حسین شاہ اور ملک ممتاز قمر سیالوی کررہے تھے۔