ٹی وی کے بعد فلم انڈسٹری بھی کراچی منتقل ہو گئی
لاہور (کلچرل رپورٹر) ٹی وی انڈسٹری کے بعد فلم انڈسٹری بھی کراچی منتقل ہو گئی ہے۔ فلم انڈسٹری کی کراچی منتقلی پر فلم انڈسٹری کی اہم شخصیات نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سیدنور نے کہا ہے کہ فلمیں بننی چاہئیں چاہے کراچی میں بنیں یا لاہور میں۔ اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ اگر لاہور میں فلمیں بنائی جائیں تو اچھا ہو گا کیونکہ لاہور میں فلم کی تکنیک سمجھنے والے لوگ زیادہ ہیں۔ اداکار سعود نے کہا کہ کراچی بھی پاکستان کا ہی شہر ہے۔ میں سمجھتا ہوں لاہور اور کراچی دونوں شہروں میں فلمیں بننی چاہئیں۔ اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت بڑی تعداد میں فلموں کی ضرورت ہے۔ اس لئے کراچی اور لاہور دونوں شہروں میں اچھے موضوعات پر فلمیں بنائی جائیں۔ اداکار ارباز خان نے کہا ہے کہ فلمسازی کے حوالے سے لاہور میں زیادہ سہولتیں ہیں۔ اس لئے بہتر ہو گا کہ فلمیں لاہور میں ہی بنائی جائیں۔