ریڈیو آج بھی 50 سال پہلے کی طرح مقبول ہے : رضا کاظمی
لاہور (سیف اللہ سپرا) ریڈیو پاکستان لاہور کے سٹیشن ڈائریکٹر سید رضا کاظمی نے کہا ہے کہ ریڈیو آج بھی اسی طرح عوام میں مقبول ہے جس طرح آج سے پچاس سال قبل تھا۔ لوگ مصروفیت کی وجہ سے اب خطوط تو کم لکھتے ہیں لیکن ریڈیو کے ساتھ آواز کا رابطہ نہیں ٹوٹا۔ اس کے باوجود کہ وسائل کی کمی آڑے آتی ہے اور گذشتہ تقریباً پندرہ سال سے پروڈیوسرز پر بھرتی کی پابندی کی وجہ سے نیا سٹاف اور نیا خون شامل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ریڈیو میں تخلیقی عمل کسی حد تک متاثر ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں نئے پروڈیوسرز کی بھرتی کے بعد انشاء اللہ پروڈکشن کے حالات کافی بہتر ہو جائیں گے۔ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے بہتر نتائج دیں۔ ایف ایم 93 اور میڈیم ویوز 630 کلو ہرٹز کے پروگراموں میں وقت کی مناسبت سے تبدیلیاں لا رہے ہیں اور سننے والے ان تبدیلیوں کو پسند بھی کر رہے ہیں۔ ریڈیو لاہور کے سٹوڈیوز کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے ڈی جی ریڈیو ثمینہ پرویز نے گذشتہ ماہ میں جو تبدیلیاں کی ہیں اس سے ریڈیو کی بہتری کے آثار واضح نظر آ رہے ہیں۔ گذشتہ ایک سال کے دوران لاہور ریڈیو سے بیشمار نیا ٹیلنٹ متعارف کرایا گیا ہے جس میں رائٹرز اور براڈ کاسٹرز بھی شامل ہیں۔ ریڈیو لاہور کا مقبول ترین پنجابی پروگرام راوی رنگ جسے عرفان کھوسٹ کمپیئر کرتے ہیں اور صدا کار ریحان اظہر کا پروگرام ایک شعر ایک نغمہ عوام میں بیحد مقبول ہو رہے ہیں۔