فلم انڈسٹری کبھی ختم نہیں ہو سکتی‘ بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کو آگے آنا ہو گا: سید نور
لاہور (این این آئی) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار سید نور نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کبھی ختم نہیں ہو سکتی لیکن اس کی بحالی کے لئے سرمایہ کاروں کو آگے آنا ہو گا‘ مجھ سمیت فلم انڈسٹری کے لوگ سنجیدگی سے اس کی بحالی کے لئے کوشش کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم جلد کامیاب ہو جائیں گے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید نور نے کہا کہ جب تک پاکستان میں ایک بھی فلم بنانے والا شخص موجود ہے فلم انڈسٹری ختم نہیں ہو سکتی۔ ہم فلم انڈسٹری کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت فلم انڈسٹری کے لوگ سنجیدگی سے اس کی بحالی کے لیے کوشش کررہے ہیں جو لوگ ہماری مخالفت کررہے ہیں ان کو مایوسی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں سید نور نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے ہم بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں اس لیے سرمایہ کاروں کو آگے آناہوگاکیونکہ سرمایہ کاری ہو گی تو پاکستان فلم انڈسٹری اپنے پائوں پر دوبارہ کھڑی ہو گی۔