پی ٹی وی کی 45 ویں سالگرہ‘ ملازمین کیلئے بونس کا اعلان‘ 12 شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے پاکستان ٹیلی وژن کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر ادارہ کے تمام ملازمین کیلئے بونس کا اعلان جبکہ 12 شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیئے گئے۔ اس حوالے سے جمعرات کے روز پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی نے ملک میں ایک اکیڈمی کا کردار ادا کیا ہے۔ دیگر پرائیویٹ چینلز کی موجودگی میں پی ٹی وی نے اپنی شناخت برقرار رکھی جو کہ تجربہ کار اور محنتی افراد کی کاوشوں کا نتیجہ ہے احساس ذمہ داری تحقیق اور محنت پی ٹی وی کا طرہ امتیاز ہے انہوں نے اس موقع پر تمام ملازمین کیلئے بونس کا اعلان بھی کیا بعد ازاں انہوں نے شعیب ہاشمی‘ یاور ہاشمی‘ نصرت ٹھاکر ‘ حسینہ معین ‘ بدر خلیل‘ قاضی واجد ‘ نیئر کمال ‘ فاروق قیصر ‘ معشوق سلطان ‘ ودود منظر‘ مفتی افتخار احمد اور احمد جمیل کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیئے۔