قندیل بلوچ کی والدہ بھی قتل کے منصوبے سے آگاہ تھی، کزن حق نواز کا انکشاف
ملتان (آئی این پی) ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس نے نیا موڑ لے لیا ۔ذرائع کے مطابق پولیس حراست میں زیرتفتیش ماڈل کے کزن ملزم حق نواز نے انکشاف کیا کہ مقتولہ کی والدہ بھی قتل کے منصوبہ سے آگاہ تھی۔ والدہ بیٹی کے قتل کیلئے نہیں مان رہی تھی لیکن بعد میں بیٹوں کے اصرارپر مان گئی۔مقتولہ کا والد عظیم صرف اس کے قتل سے لاعلم تھا۔ ذرائع کے مطابق پولیس حراست میں زیرتفتیش ملزم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں سنسی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قندیل بلوچ کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کیلئے ماڈل کے سعودی عرب میں مقیم بھائی نے مجبور کیا تھا۔ سعودیہ میں مقیم بھائی نے قندیل کا قتل نہ کرنے پر خودکشی کی دھمکی دی تھی جس پرقندیل کے دیگر فیملی ممبرز کو قاتل بھائی وسیم کا ساتھ دینا پڑا۔مقتولہ کی والدہ قتل کے سارے منصوبے سے آگاہ تھی۔ پولیس حراست میں دئیے گئے بیان میں ملزم حق نواز کا مزید کہنا ہے کہ قندیل کا قتل وسیم نے کیا ہے میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔