بھارتی سیاستدانوں نے عوام کی برین واشنگ کرکے ذہنوں میں پاکستان دشمنی کا زہر بھر دیا : اداکار نصیر الدین شاہ
ممبئی (نیٹ نیوز) بالی وڈ کے مایہ ناز اداکار نصیرالدین شاہ نے کہا ہے کہ بھارتیوں کا برین واش کرکے ان کے ذہنوں میں پاکستان کے خلاف نفرت کا زہر بھر دیا گیا ہے، اسی لیے وہ پاکستان کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ بھارت کی مقبول انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ کو ایک انٹرویو میں نصیرالدین شاہ نے کہاکہ سیاست دانوں کو جب ضرورت ہوتی ہے وہ رنگ بدل لیتے ہیں۔ بھارتی سیاست دانوں نے عوام کے برین واش کرکے ان کے دماغوں میں زہر بھر دیا ہے کہ پاکستان ان کا دشمن ہے، ان کے ذہن میں بھی یہ تاثر کبھی ختم نہ ہوتا اگر وہ پاکستان جا کر وہاں کے عام شہریوں سے نہ ملتے۔ عام پاکستانی شہری ایسے نہیں جیسا انھیں بتایا جاتا ہے۔ آج بھارت جو ہے پاکستانی اسے تعریف کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان کا مذاق اڑانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ نصیرالدین شاہ نے کہاکہ یہ المیہ ہے کہ اکثر بھارت میں پاکستان سے آئے فنکاروں کو پرفارم کرنے سے روکا جاتا ہے، لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا، وہاں ہمارا پْرتپاک استقبال ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نصیرالدین شاہ نے بتایا کہ پاکستان میں اداکار دلیپ کمارکو جو عزت واحترام حاصل ہے وہ ان کے اپنے کسی ثقافتی آئیکون کو بھی حاصل نہیں۔ نصیرالدین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں انھیں بہت پیار ملتا ہے پاکستانی ہمارے سٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان کے تو دیوانے ہیں۔