بھارتی چینلز پر پابندی لگانے پر غور،شوبزحلقوں کا خیر مقدم

لاہور(کلچرل رپورٹر) حکومت پاکستان نے بھارتی متعصبانہ بیانات کے ردعمل میں پاکستان میں چلنے والے تمام بھارتی ٹی وی چینلز پر پابندی لگانے پر جو غور شروع کیا ہے اس پر شوبز کے حلقوں نے زبردست خیر مقدم کیا ہے۔یونائیٹڈ فلمز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سینئر وائس چیئر مین مصطفی قریشی نے کہا ہے کہ کوئی ملک بڑا ہویا چھوٹا قومی وقار سب کا برابر ہوتا ہے۔بھارت نے پاکستان کے خلاف ہمیشہ متعصبانہ رویہ رکھا چند روز قبل آئی پی ایل کی طرف سے پاکستانی کرکٹرز کی توہین کی گئی اور اب بھارتی ٹی وی چینلز پر پاکستان کے خلاف بیازی بازی ہورہی ہے حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر بھارتی ٹی وی چینلز پر پابندی عائد کردے۔ یونائیٹڈ فلمز پروڈکشن کے وائس چیئر مین جمشید ظفر نے کہا کہ حکومت نے بھارتی چینلز پرپابندی لگانے پر اب غور شروع کیا ہے میں سمجھتا ہوں دیرآئے درست آئے۔ حکومت کو فوری طورپر بھارتی ٹی وی چینلز بند کردینے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں پاکستان ٹی وی چینلز پر پابندی ہے پاکستان کو بھی بھارتی ٹی وی چینلز پر پابندی عائد کرنی چاہیے معروف فلم رائٹر اورڈائریکٹر پرویز کلیم نے کہا ہے کہ بھارت نے کبھی پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔وہ ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی فکر میں رہتا ہے۔وہ تو ہمارا پانی بھی بند کررہا ہے اس کے باوجود بعض لوگ اس کے ساتھ دوستی کی باتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر بھارتی ٹی وی چینلز پر پابندی عائد کردے۔