ملکی مسائل کا حل موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ہے : ابرارالحق
لاہور (سیف اللہ سپرا) معروف گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ قتل و غارت گری عام ہے۔ ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ آ کر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔ سردیوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ سی این جی سٹیشنز بند ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ بیروزگار ہو گئے ہیں۔ لوگ انصاف کے حصول کیلئے دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ موجودہ حکمران مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مک مکا کر رکھا ہے اور حکومت کرنے کے لئے باریاں لگا رکھی ہیں۔ ملک کے تمام مسائل کا واحد حل موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہی واحد سیاستدان ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں اور دھرنے میں بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران دھاندلی کے باعث اقتدار میں آئے ہیں۔ انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف برسراقتدار آ کر لوٹ مار کرنے والوں کا احتساب کرے گی۔ لوگوں کو روزگار فراہم کرے گی اور انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کرے گی۔ گلوکاری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مصروفیات میں اضافہ ہو گیا ہے اس لئے میوزک کو ٹائم نہیں دے سکا۔ نئے البم پر کام شروع کیا تھا مگر سیاسی مصروفیات کی وجہ سے اس کو روکنا پڑا۔ میں اپنے پرستاروں سے معذرت خواہ ہوں کہ نیا البم ریلیز نہیں کر سکا۔ میری کوشش ہے کہ نئے سال کے شروع میں نیاالبم ریلیز کر دوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل ہر طرف افراتفری ہے۔ ان حالات میں میوزک کون سنے گا، میں سمجھتا ہوں کہ جب حالات ٹھیک ہوں، امن و امان ہو، لوگ خوشحال ہوں تو پھر میوزک کی طرف لوگوں کی توجہ ہوتی ہے۔