وانا : جے یو آئی (ف) کے سینیٹر صالح شاہ کا بیٹا‘ پشاور میں افغان گلوکارہ قتل

وانا : جے یو آئی (ف) کے سینیٹر صالح شاہ کا بیٹا‘ پشاور میں افغان گلوکارہ قتل

پشاور (ایجنسیاں) جنوبی وزیرستان میں جے یو آئی (ف)  کے سینیٹر مولانا صالح شاہ کے بیٹے شمس الاسلام، پشاور میں افغان گلوکارہ  گل ناز کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر مولانا صالح شاہ کے بیٹے شمس الاسلام جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا سے ٹانک آرہے تھے نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واضح رہے جنوبی وزیرستان کا علاقہ پولٹیکل انتظامیہ کے زیراثر آتا ہے اور یہاں پولیس کی عمل داری نہیں ہے تاہم پولیٹکل انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پشاور کے علاقے گلبرگ میں گذشتہ شب مسلح افراد نے افغان گلوکارہ گل ناز عرف مسکان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گل ناز شدید زخمی ہو گئیں، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے گلوکارہ کو قریبی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔گل ناز کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ گلبرگ ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی  رپورٹ کے مطابق  قتل  ذاتی  دشمنی کی بنا پر کیا گیا۔  آئی این پی کے مطابق پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ رات کچھ افراد گلوکارہ کے گھر آئے اور گل ناز کے گھر والوں سے تلخ کلامی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں افغان گلوکارہ جاں بحق ہوئیں۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی و سینئر وزیر خیبر پی کے سراج الحق نے سینیٹر صالح محمد کے بیٹے شمس الاسلام کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد سے ثناء نیوز کے مطابق چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری، ڈپٹی چیئرمین سینٹ صابر علی بلوچ، راجہ محمد ظفرالحق، چوہدری اعتزاز احسن  اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے  جے یو آئی (ف) کے  رہنما سینٹ کی قائمہ کیمٹی ریاستیں و سر حدی امور کے چیرمین سنیٹر صالح شاہ کے بیٹے کے قتل کی شدید الفاظ میں  مذمت کی ہے۔ انھوں نے  کہا ہے انتہا پسندوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قوم پورے عزم کے ساتھ متحد ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میںنیئر حسین بخاری نے سینیٹر صالح شاہ سے اظہار تعزیت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے اور کہا ہے صالح شاہ کے بیٹے کی ملک و ملت کیلئے قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
قتل