اداکارہ سلونی کراچی میں انتقال کر گئیں

لاہور (کلچرل رپورٹر) اداکارہ سلونی کراچی میں انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 60 سال کے قریب تھی۔ وہ کچھ عرصے سے کراچی میں اپنی بیٹی کے ہاں مقیم تھیں گزشتہ رات کراچی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئیں، ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ -7 جے گلبرگ میں ادا کی جائیگی۔ انہوں نے سوگواروں میں شوہر اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ سلونی کے اپنے فنی کیریئر میں 70 کے قریب فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کی پہلی فلم ایسا بھی ہوتا ہے، تھی یہ فلم کامیاب رہی۔ ان کی دیگر فلموں میں کھوٹا پیسہ، عادل، باغی سردار، گہنگار، حاتم طائی، دل دا جانی، لٹ دا مال، بالم، چھین لے آزادی، ظالم، شہنشاہ جہانگیر، موج بہار، دو بھائی، جیو ڈھولا، گڈو، وریام، مہندی، غدار، چور نالے چتر، ڈھول جانی، جمعہ جنج نال، راجہ رانی، ناچے ناگن باجے بین، بدلہ، سوہنا، باﺅ جی، بابا دینا، لوری، مترئی ماں، پھنے خاں، سوال، دوسری شادی، ڈھول جوانیاں مانے، ریشماں شامل ہیں۔ وہ اپنے فنی کیریئر کے عروج پر تھیں کہ انہوں نے باری سٹوڈیو کے مالک اور معروف فلمساز باری ملک کے ساتھ شادی کرلی اور فلم انڈسٹری سے الگ ہوگئیں انہوں نے اپنے وقت کے تقریباً سبھی معروف ہیروز کے ساتھ کام کیا ہے جن میں محمد علی، سدھیر، علاﺅالدین، اعجاز، حبیب، کمال اوردرپن شامل ہیں۔