فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے : زیبا علی

فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے : زیبا علی

لاہور (کلچرل رپورٹر) پنجاب فلم سنسر بورڈ کی چیئرپرسن زیباعلی نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔ فلمسازوں اور ہدایت کاروں کو چاہئے کہ اچھے موضوعات پر معیاری فلمیں بنائیں۔ غیرمعیاری فلموں کی نمائش کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان فلم کا عروج دیکھا ہے ۔پاکستان میں اس معیار کی فلمیں بنتی تھیں کہ بھارتی فلمیں ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی تھیں۔ جب سے ہماری فلموں کا معیار گرنا شروع ہوا ہے لوگ پاکستانی فلمیں دیکھنا چھوڑ گئے۔ اگر معیاری فلمیں بنیں گی تو فلم بین فلمیں دیکھنے کیلئے گھروں سے نکل کر سینما گھروں میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ رواں سال کے اڑھائی ماہ گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک پاکستان کی ایک فلم بھی ریلیز نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلمسازی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔ فلمسازوں اور ہدایت کاروں کو چاہئے کہ اچھے موضوعات پر معیاری فلمیں بنائیں تاکہ فیملیاں دیکھنے کیلئے سینما گھروں میں جائیں اور پھر فلم کی انڈسٹری رونقیں بحال ہوں۔