وینا ملک نے نجی چینل کے شو ’’مس ورلڈ‘‘ کیلئے والٹن ائرپورٹ پر سین عکسبند کرایا

وینا ملک نے نجی چینل کے شو ’’مس ورلڈ‘‘ کیلئے والٹن ائرپورٹ پر سین عکسبند کرایا

لاہور (کلچرل رپورٹر) ’’مس ورلڈ پاکستان پہنچ گئیں۔ لاہور کے والٹن ائرپورٹ پر جب وہ طیارے سے باہر نکلیں تو ملکی اور غیرملکی ٹی وی چینلز اور اخبارات کے نمائندے بڑی تعداد میں ان کے پاس پہنچ گئے۔ اخبارات اور ٹی وی چینلز کے کیمرہ مین کافی دیر تک ان کی تصویریں بناتے رہے۔ مس ورلڈ نے ملکی اور غیرملکی صحافیوں سے مختصر خطاب بھی کیا۔ اس کے بعد خصوصی پروٹوکول کے ساتھ انہیں ایک بڑی اور لگژری گاڑی میں بٹھایا گیا اور وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کیلئے روانہ ہو گئیں‘‘۔ یہ سین پاکستان کی ٹاپ ماڈل‘ اداکارہ اور کمپیئر وینا ملک نے ایک نجی چینل کے شو ’’مس ورلڈ‘‘ کیلئے والٹن ائرپورٹ پر عکسبند کرایا۔ وینا ملک جنہوں نے ہیرے جواہرات سے مزین خالص سونے کا قیمتی تاج سر پر پہن اور انتہائی مہنگا لباس زیب تن کر رکھا تھا‘ نے اس موقع پر کہا کہ میں نے اس سے قبل ایک اور نجی چینل کا شو مسلسل دو سال کیا اور وہ بہت مقبول جا رہا تھا مگر میں نے چھوڑ دیا اس لئے کہ میں اب کوئی نیا تجربہ کرنا چاہتی تھی۔ چنانچہ میں نے ایک اور نجی چینل کیلئے ’’مس ورلڈ‘‘ کے نام سے شو کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس شو کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ اس شو کیلئے انتہائی قیمتی ملبوسات اور خالص سونے کا تاج بنوایا گیا ہے۔ ٹی وی چینلز کی تاریخ میں اس قدر مہنگے ملبوسات اور جیولری کسی ٹی وی پروگرام کے میزبان نے استعمال نہیں کی۔ اس کے علاوہ اس شو کے سکرپٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ ٹی وی ناظرین کو میرا یہ شو بھی پسند آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ شو عنقریب ایک نجی چینل سے مس ورلڈ کے نام سے ٹیلی کاسٹ ہو گا۔