فنکاروں کا رمضان المبارک میں دینی تبلیغ کا کام جاری

فنکاروں کا رمضان المبارک میں دینی تبلیغ کا کام جاری

لاہور (این این آئی) متعدد نامور فنکار رمضان المبارک میں بھی دین کی تبلیغ کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔معروف کامیڈین افتخار ٹھاکر نے کہا کہ وہ لوگ خوش نصیب ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہدایت نصیب ہوتی ہے ،نماز دین کا ستون ہے اگر ہم اپنی زندگیوں میں نماز کو معمول بنا لیں تو ہماری مشکلات خود بخود ختم ہو جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے جانے کے بعد دین کی تبلیغ کا کام امت کے ذمے ہے اس لئے سب کو یہ ذمہ داری نبھانی ہو گی ۔اداکار جواد وسیم نے کہا کہ کہ خدا کی پاک ذات کو ہمارے سجدوں کی ضرورت نہیں اس کے کروڑوں فرشتے ہر وقت سر بسجود ہوتے ہیں ،اللہ ہم سب کو دین پر چلنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ہم لوگ مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئے ،کئی حج کر چکا ہوں اورساتھی فنکاروں کو حج کی طرف بلانے کی ڈیوٹی میری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دین کی تبلیغ کا کام کسی پر احسان نہیں اگر ہم سب اسے اپنا لیں تو ہماری زندگیاں ہی بدل جائیں گی۔اداکار عرفان ہاشمی نے کہا کہ مجھ سمیت کچھ دوستوں نے جو شوبز میں دینی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا تھا وہ اب تک جاری ہے ‘ جاوید کوڈو ‘ انور علی ‘نعیم کاشمیری ‘جواد وسیم اورنعیم بٹ نے فنکاروں کو دین کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ جاوید کوڈو نے کہا کہ نماز آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے ۔دولت کی ہوس میںہم اپنے دین سے دور ہو گئے ہیں لیکن اگر ہزاروں میں سے چند سو لوگ دین کی تبلیغ شروع کر دیں تو ہم لوگوں کی دلوں سے اس لالچ کو ختم کر کے انہیں دین کی طرف لا سکتے ہیں جس سے ہماری زندگیوں میں سکون آ جائے گا۔