احمد بٹ نے کچھ کما کر نہ دیا، تشدد کی انتہا کر دی، زمین پر پٹخا: حمیرا ارشد

احمد بٹ نے کچھ کما کر نہ دیا، تشدد کی انتہا کر دی، زمین پر پٹخا: حمیرا ارشد

لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ میرے شوہر احمد بٹ نے مجھ پر بہت ظلم کیا، بار بار تشدد کیا، محلے والے جس کے گواہ ہیں۔ چند روز قبل تو اس نے تشدد کی انتہا کر دی، مکوں، گھونسوں سے پٹائی کی، مجھے اٹھا اٹھا کر زمین پر مارا اور پھر کمرے میں بند کر دیا۔ میں جان بچاکر والدین کے گھر پہنچی۔ ان حالات میں میں ایسے ظالم شوہر کے ساتھ کیسے گزارا کر سکتی ہوں تاہم اس کے ساتھ رہنے یا نہ رہنے کے بارے میں حتمی فیصلہ میری والدہ اور بھائی کریں گے۔ گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آنسوئوں اور بھرائی ہوئی آواز کے ساتھ حمیرا ارشد نے کہا کہ یہ پہلی اور شاید آخری پریس کانفرنس ہو گی جو میں مجبوری کے عالم میں کر رہی ہوں، کوئی خاتون نہیں چاہتی کہ وہ دنیا کے سامنے تماشا بنے۔ احمد بٹ کے تمام الزامات جھوٹے ہیں، اس نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا ہے کہ وہ کما کر مجھے پیسے دیتا رہا اگر وہ ثابت کر دے کہ ایک لاکھ روپیہ بھی مجھے اس نے کما کر دیا ہے تو میں اسے تین کروڑ دینے کو تیار ہوں۔ دوسرا الزام اس نے یہ لگایا ہے کہ میں امیگریشن کے لئے ڈرامہ کر رہی ہوں تو اس میں بھی کوئی صداقت نہیں۔ میں اپنے ملک میں خوش ہوں، پاکستان نے مجھے عزت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے احمد بٹ مجھے بلیک کر رہا ہے، پچھلے دنوں اس نے ایک اشٹام بنوا کر لایا جس میں یہ لکھا تھا کہ مجھے 20لاکھ دے دو اس کے بعد میرا اور تمہارا تعلق نہیں رہے گا اور نہ ہی میں بیٹے کا مطالبہ کروں گا۔ اس پر احمد اس کے بھائی عقیل اور میرے دستخط موجود ہیں۔ میں نے خاموشی سے 20لاکھ روپے اسے دیدئیے۔ اس کے باوجود اس نے میرا چار سال کا بچہ مجھ سے چار دن دور رکھا اور سکول سے اسے اپنے والدین کے گھر چھوڑ آیا۔ اس نے یہ بھی الزام لگایا کہ جس گھر میں ہم رہ رہے ہیں اس میں میرے علاوہ کوئی اور بھی پارٹنر ہے اس کا جواب یہ ہے کہ علی عیسیٰ اینڈ کمپنی نے مجھے یہ گھر خرید کر دیا اس کمپنی کے ساتھ میں شو کرتی ہوں اور اس کمپنی کا حصہ ہوں اس کمپنی کے 400حصہ دار ہیں۔ میں جو شو کرتی ہوں اس کے پیسے میرے اکائونٹ میں جمع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بقول احمد بٹ اس نے 20فلمیں ریلیز ہوئی ہیں ان فلموں سے اس نے کیا کمایا اور مجھے کیا دیا ہے۔ احمد نے الزام لگایا ہے کہ میں اس کی گاڑی لے گئی ہوں وہ گاڑی میرے پیسوں سے ہی اس نے خریدی ہے۔ 21لاکھ 76ہزار روپے اس نے میرے اکائونٹ سے نکلوائے۔