فلم انڈسٹری کے حوالے سے حکومتی وعدے پورے ہونے کی توقع نہیں : سنگیتا

لاہور (کلچرل رپورٹر) حکومت نے ماضی میں بھی فلم انڈسٹری کے لئے کچھ نہیں کیا اور اب بھی اس سے کوئی توقع نہیں۔ وزیراعظم نے آئندہ بجٹ میں فنڈز رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ وہ وعدہ کس حد تک پورا کرتے ہیں البتہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فلم فیڈریشن کی چیئرپرسن سنگیتا نے گذشتہ روز لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ہدایت کار پرویز رانا، عجب گل، نرما، اسلم گڑا، اشفاق کاظمی، گل اکبر آفریدی، طارق بٹ، اچھی خان بھی موجود تھے۔ سنگیتا نے مزید کہا کہ میں آئندہ ماہ 3 فلمیں شروع کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یونائیٹڈ فلم ایسوسی ایشن والے واقعی دس فلمیں شروع کریں تو ہم خود چل کر ان کے پاس جائیں گے اور ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ عجب گل نے کہا کہ پاکستان کے گھر گھر میں بھارتی کلچر کی یلغار ہے۔ بچے ہندی الفاظ بول رہے ہیں۔ اب توپوں اور ٹینکوں سے جنگیں نہیں جیتی جا سکتی ہیں بلکہ ثقافت کے میدان میں عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ فلمسازو اداکار اسلم گڑا نے کہا کہ چور دروازے سے بھارتی فلموں کی نمائش بند ہونی چاہئے۔ اداکارہ نرما نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے حالات بہت خراب ہیں۔ سب کو مل جل کر انڈسٹری کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اب حکومت فلم انڈسٹری کی بہتری کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران پچھلے چند دنوں میں انتقال کرنے والے کیمرہ مین ہنی احمد اور فلم ڈائریکٹر جہانگیر قیصر بھٹی کیلئے دعائے مغفرت کرائی گئی۔