فرنچ فلم فیسٹیول ستمبر میں لاہور میں ہو گا : فلپ تیبو

فرنچ فلم فیسٹیول ستمبر میں لاہور میں ہو گا : فلپ تیبو

لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان میں متعین فرانسیسی سفیر فلپ تیبو نے کہا ہے کہ پاکستان میں فرانسیسی زبان تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ 1963ءمیں ایک فرانسیسی خاتون ڈوپرٹوٹ نے جب لاہور میں فرانسیسی کلچرل سنٹر کا آغاز کیا تو اس وقت چند سٹوڈنٹ فرانسیسی زبان سیکھ رہے تھے اور محدود پیمانے پر ثقافتی سرگرمیاں ہوتی تھیں۔ اب صورتحال یہ ہے کہ صرف لاہور شہر میں واقع فرنچ سنٹر اور تعلیمی اداروں کے فرنچ ڈیپارٹمنٹس میں 5000 سٹوڈنٹس فرانسیسی زبان سیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں فرنچ کلچرل سنٹر کے 50 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ہمارے پارٹنرز کا ایک مضبوط نیٹ ورک موجود ہے‘بہت جلد یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں ایک نیا فرنچ سنٹر کھول رہے ہیں۔ پاکستان خصوصاً پنجاب میں فرانسیسی زبان کی ترقی و ترویج کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2013ءمیں لاہور میں فرنچ فلم فیسٹیول کا اہتمام کر رہے ہیں۔ بعدازاں فرانس کے سفیر فلپ تیبو، صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے فرنچ کلچرل سنٹر لاہور میں 50 سال پورے ہونے پر خوشی میں کیک کاٹا۔ اس تقریب میں ڈاکٹر جاوید اقبال، سابق گورنر شاہد حامد، یاور عرفان، قاضی ہمایوں فرید اور ایم این اے پرویز ملک بھی شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی سنائے گئے۔