مزدوروں سے پیار ہے ان کو کرپشن کی ضرورت نہیں عام آدمی کو خوشیاں دی جائیں :ابرار الحق
لاہور( سیف اللہ سپرا) گلوکار اور تحریک انصاف کے راہنما ابرار الحق نے کہا کہ میں نے اپنے ’’بلو ریٹرن‘‘ کے لئے مزدوروں کے عالمی دن کا انتخاب اس لئے کیا کہ مجھے مزدوروں سے پیار ہے۔ میرے زیادہ تر گانے عام آدمی اور مزدوروں کی پسند کے ہیں۔ مقبول گانا ’’ آ جا نی بہہ جا سیکل تے‘‘ میرے انہی جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ میں نے اس گانے میں یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ اگر آدمی مطمئن ہے تو کم وسائل میں رہ کر بھی اسے کرپشن کرنے کی ضرورت نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیا البم مزدوروں کے نام کرتا ہوں‘‘۔ عام آدمی کو خوشیاں دینے کی ضرورت ہے اور مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ اگر کرپشن ختم ہو جائے تو غیر ملکی امداد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ سب کو عمران خان کا ساتھ دینا چاہئے تا کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے ان کی جدو جہد کامیاب ہو سکے۔ خدا کے فضل سے اور پاک افواج کی کوششوں سے ملک میں کافی حد تک امن قائم ہو گیا ہے جس کیلئے میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اب امن قائم ہو گیا ہے تو ملک میں ثقافتی ادبی اور دیگر سرگرمیاں بھی شروع ہو گئیں ہیں۔