گلوکار عاطف اسلم کی شادی

صابر بخاری .......
پاکستان کے معروف پاپ سنگر عاطف اسلم شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ان کی شادی لاہور کی رہائشی سارہ بھروانہ سے سر انجام پائی ہے۔ ذرائع کے مطابق عاطف اسلم اور ان کی بیوی سارہ بھروانہ کا افیئر 6 سال پرانا ہے۔ اکتوبر 2011ء میں دونوں کی منگنی ہوئی اور 28 مارچ کو دونوں ایک دوسرے کے ہو گئے پر عاطف اسلم نے دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چھ سال پرانے افیئر کی تردید کی اور کہا کہ سارہ بھروانہ کو انہوں نے لاہور میں شادی کی ایک تقریب میں دیکھا۔ پہلی نظر میں ہی وہ پسند اور دل کو بھا گئیں اور انہوں نے سارہ بھروانہ کو جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔سارہ بھروانہ کا تعلق جھنگ سے ہے پر وہ آجکل لاہور میں رہائش پذیر ہیں۔سارہ نجی سکول میں اسپورٹس انچارج اور کیمپس میں کنسرٹس منعقد کروانے میں بھی بطور معاون خدمات سرانجام دیتی ہیں۔ وہ کنیئرڈ کالج لاہور سے فارغ التحصیل ہیں جہاں عاطف اسلم اکثر اوقات کنسرٹس کرتے رہتے تھے۔ عاطف اسلم اور سارہ کی مہندی کی تقریب خاموشی سے ہوئی پر عاطف نے اس تقریب میں ڈانس کر کے حاضرین کو خوب محفوظ کیا جبکہ بارات اور ولیمہ کی تقریبات کو دھوم دھام طریقے سے منایا گیا۔ مہندی کی تقریب میں عاطف نے دیدہ زیب لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ دولہا کے کرتے کا رنگ پرپل تھا جس کو سفید چوڑی دار پجامہ کے ساتھ کنٹراسٹ کر کے بنایا گیا تھا جبکہ ساتھ میں روایتی شوز ”کھسہ“ اور پگڑی نے دولہا کی شخصیت کو چار چاند لگا دیئے۔اس موقع پر سارہ نے دلکش عروسی لباس زیب تن کر رکھا تھا جس سے چاند جیسی دلہن کو مزید نکھار آ گیا۔ عاطف کی بارات کی تقریب لاہور کے مقامی کلب میں ہوئی جس میں عاطف اور سارہ کی فیملی اور دوستوں جن میں حدیقہ کیانی اور علی ظفر سمیت دوسرے افراد شامل تھے، نے شرکت کی۔ اس موقع پر عاطف اسلم نے کریم کلر کی شیروانی جبکہ ان کی بیوی سارہ بھروانہ نے روایتی سرخ رنگ کا لہنگا پہن رکھا تھا۔نیا جوڑا اس موقع پرانتہائی مسرور تھا۔مہندی اور بارات کے موقع پر میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں تھی پر دعوتِ ولیمہ کی تقریب میں میڈیا کے نمائندے موجود تھے جن سے بات کرتے ہوئے عاطف کا کہنا تھا کہ ایک اچھے جیون ساتھی کے ملنے پر انسان کی زندگی میں خوشگوار تبدیلیاں آتی ہیں اور وہ بھی ان خوشگوار لمحات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سارہ بھروانہ سے محبت کی کہانی بھی سنائی۔عاطف کا کہنا تھا کہ ان کو شادی کی ایک تقریب میں سارہ سے پہلی نظر میں محبت ہو گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ مہندی اور بارات کی تقریبات پروقار رہیں۔پاپ سنگر کا کہنا تھا کہ مہندی اور بارات کی تقریبات میں میڈیا کو مدعو نہ کرنے کی وجہ گھریلو مجبوری تھی جبکہ دعوت ولیمہ کی تقریب میں دونوں خاندانوں نے میڈیا کوریج کی خصوصی اجازت دی ہے۔