بیان حلفی میں خامیاں، ماڈل ایان پھر پاسپورٹ حاصل نہ کر سکیں
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان گزشتہ روز بھی پاسپورٹ حاصل نہ کر سکیں، ملزمہ کے وکیل خرم لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بیان حلفی میں موجود خامیاں دور کر کے آج پھر آئیں گی۔ ماڈل ایان علی پاسپورٹ سپرداری کے لئے راولپنڈی کچہری پہنچیں اور کسٹم کورٹ میں ایک ذاتی اور 2ضمانتی مچلکے جمع کرائے تاہم عدالت نے کہا کہ ایان کے بیان حلفی میں تحریری غلطیاں ہیں دوبارہ بیان حلفی دیں۔ کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا کی وجہ سے زیر عتاب آیا ہوا ہوں نہ اپنے لئے مسئلہ پیدا کریں نا میرے لئے۔ پاسپورٹ سپرداری میں قانونی خامیاں دور کریں جس کے بعد ایان عدالت سے مایوس لوٹ گئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماڈل کے وکیل خرم لطیف کھوسہ نے کہا کہ بیان حلفی میں موجود خامیاں دور نہ ہو سکیں کل پھر آئیں گے۔