حکومت فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے نیشنل فلم ایوارڈ کا انعقاد کرے : میاں راشد فرزند
لاہور (کلچرل رپورٹر) ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سرپرست اعلیٰ میاں راشد فرزند علی نے کہا ہے کہ اب اچھی فلمیں بننا شروع ہو گئی ہیں جس سے فلم انڈسٹری بحالی کی طرف چل پڑی ہے۔ فلمسازوں اور ہدایت کاروں کو چاہئے زیادہ تعداد میں فلمیں بننا شروع ہو گئی ہیں جس سے فلم انڈسٹری بحالی کی طرف چل پڑی ہے۔ فلمسازوں اور ہدایت کاروں کو چاہئے زیادہ تعداد میں فلمیں بنائیں تاکہ سینما گھروں کی ضرورت مقامی فلموں سے ہی پوری ہو جائے۔ فلمیں عالمی معیار کی بنائی جائیں تاکہ پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک میں بھی پاکستانی فلمیں ریلیز ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد میاں فرزند علی نے اعلیٰ معیار کی متعدد فلمیں بنائیں۔ فلم انڈسٹری کے لئے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ وہ کئی برس پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کا پہلا سرکس ”لکی ایرانی سرکس“ کے نام سے بنایا۔ ارائیں پکچرز کے بینر تلے متعدد فلمیں بھی بنائیں اور لوگوں کو صاف ستھری تفریح فراہم کی۔ میں بھی ان کے مشن کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ اس مقصد کیلئے میں نے پاکستان کی فلمی منڈی رائل پارک میں باقاعدہ ایک دفتر قائم کر رکھا ہے۔ اس دفتر میں نہ صرف فرزند سرکس کا کام کر رہا ہوں بلکہ اچھے موضوعات پر چند فلموں پر بھی کام کر رہا ہوں۔ ایک فلم کے سکرپٹ پر کام ہو رہا ہے جیسے ہی سکرپٹ مکمل ہو گا اس کا میوزک تیار کیا جائے گا اور پھر اس کی کاسٹ فائنل کی جائیگی جس کے بعد فلم کی شوٹنگ سٹارٹ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے لئے آکسیجن کا کام دیتی ہے۔ ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ”اعترافِ فن“ کے عنوانات سے ایشین کلچرل ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے تقریبات کا انعقاد بھی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی فلمسازوں کی ہدایت کاروں، اداکاروں، گلوکاروں اور موسیقاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے فوری طور پر نیشنل فلم ایوارڈ کا انعقاد کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ فلمسازوں کیلئے آسان شرائط پر قرضے کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فلم انڈسٹری والے اچھی فلمیں بنائیں اور حکومت تعاون کرے تو فلم انڈسٹری بہت جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔