نواز شریف کو لیڈر کہنے کی بات پر قائم ہوں، تحریک انصاف کیساتھ ہوں اور رہونگا: جاوید ہاشمی
لاہور (آئی این پی) جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں نواز شریف کو لیڈر کہنے کی بات پر قائم ہوں لیکن میں زندگی کے آخری حصے میں تحریک انصاف کے ساتھ ہوں اور ہمیشہ رہوں گا، جماعت اسلامی اور آفتاب شیرپاﺅ کا خیبر پی کے میں ہمارا اور مرکز میں نواز شریف کا ساتھ دینا سوالیہ نشان ضرور ہے، فوزیہ قصوری کے تحفظات کو معمولی نہ سمجھا جائے، اس پر پارٹی کے اندر ضرور بات ہونی چاہئے، میں ابھی تک تحریک انصاف کی اندرونی سیاست کو نہیں سمجھ سکا، نواز شریف پر جب مشکل وقت آئے گا تو میں اور عمران خان خوش نہیں ہونگے، ہم جمہوریت کی مضبوطی چاہتے ہیں لیکن پارلیمنٹ میں مشکل وقت آنے پر نواز شریف کے قریبی لوگ ہی مسلم لیگ ن میں ”ہم خیال“ گروپ بنا لیں گے۔ ایک انٹرویو کے دوران جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں نواز شریف کو اپنا لیڈر جوش میں آ کر نہیں بلکہ مکمل ہوش کے ساتھ کہا اور آج بھی میں اپنی بات پر قائم ہوں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان جو سوچ رکھتے ہیں وہ ہی ملک کے مستقبل کو بہتر بنا سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے تحریک انصاف کے خیبر پی کے میں اتحادی جماعتوں سے تعلقات متاثر ہوں۔