کوئٹہ‘ پاراچنار میں دہشت گردی اور بہاولپور کے قریب احمد پور شرقیہ کے سانحہ کے باعث اب کے عیدالفطر سوگواری کے عالم میں بڑی سادگی سے منائی گئی۔ احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کے المناک سانحے میں 157 افراد کے زندہ جل جانے والوں کے غم میں سارے ملک کی فضا سوگوار رہی۔ وزیراعظم اپنا لندن کا دورہ مختصر کر کے سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین کے پاس آ گئے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے دو دن متاثرین کے پاس گزارے۔ نماز عید بھی متاثرین کے ساتھ پڑھی۔ زخمیوں کی عیادت کی۔ مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے خطیر رقم کا اعلان کیا جس سے اس سانحہ کے متاثرین کے غموں کا بوجھ کم ہوا ہوگا جبکہ وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے مالی امداد کے علاوہ مستحقین کو سرکاری ملازمتیں دینے کا اعلان سامنے آیا۔ وفاق اور پنجاب کے حکمرانوں کے اس جذبے سے فلاحی ریاست کا تصور اجاگر ہوا ہے۔ اپوزیشن کی ایسے سانحات پر حکومت کیخلاف پوائنٹ سکورنگ کی سیاست کرنا افسوسناک ہے۔ وزیراعظم نوازشریف اپنا دورہ لندن مختصر کر کے اگرچہ وطن واپس آ گئے ہیں لیکن پارا چنار میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کی اندوہناک واردات کے بعد ان کا دورہ لندن محل نظر ہے اور سیاسی حلقوں میں تنقید کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ زیادہ مناسب ہوتا وزیراعظم لندن جانے کے بجائے پاراچنار کا دورہ کر کے وہاں دہشت گردی کے متاثرین کی تالیف قلب کا اہتمام کرتے اور سیاسی مخالفین کو ان کے دورہ لندن کے حوالے سے انہیں تنقید کا نشانہ بنانے کا موقع نہ ملتا۔ پارا چنار بم دھماکوں کے واقعے کو کئی دن گزر جانے کے باوجود وزیراعظم کا وہاں نہ جانا لمحۂ فکریہ ہے۔ پارا چنار میں بم دھماکوں کو نسلی منافرت اور فرقہ واریت کا رنگ دینے کی کوشش کرنیوالے وطن دشمن عناصر کا محاسبہ کرنے اور انہیں کٹہرے میں لانے کے اقدامات بھی حکومت کی جانب سے اٹھائے جاتے نظر آنے چاہئیں۔ آئل ٹینکرز کے حادثہ میں آگ لگنے سے ماضی میں بھی سینکڑوں افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ تھوڑے سے پٹرول کے لالچ میں اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالنا قومی المیہ ہے۔ عوام میں اس بارے شعور اور آگاہی کا ہونا ضروری ہے تاکہ ایسے مواقع پر جان بوجھ کر اپنی موت کا سامان کرنے سے نہ صرف خود گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس طرح کے اقدامات سے روکیں کہ ان کی جان بہرحال بہت قیمتی ہے۔ آئل ٹینکر حادثے کے ذمہ داروں کا کھوج لگا کر انہیں کیفرکردار کو پہنچانا ضروری ہے تاکہ آئندہ ایسے اندوہناک سانحات کی نوبت نہ آئے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38