وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثر انداز میں تیزرفتاری سے اقدامات پر اتفاق اور کالعدم تنظیموں کی ہر طرح کی سرگرمیوں کو پوری قوت سے کچلنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایپکس کمیٹیاں ہر صوبے میں فعال ہونی چاہئیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے چند ہفتے قبل کہا تھا کہ کئی صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہو رہا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیلئے ایپکس کمیٹیوں کا فعال ہونا ضروری ہے۔ اسی پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردی جیسے ناسور کا سر کچلا جا سکتا ہے۔ گو آپریشن ضرب عضب کے مقاصد تیزی سے حاصل ہو رہے ہیں مگر ضرب عضب کا اصل مقصد دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالنا نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے آج بھی حکومت مصلحتوں کا شکار نظر آتی ہے۔ دہشت گرد اپنے سپورٹرز اور سہولت کاروں کے بغیر دہشت گردی کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ گزشتہ روز بنوں کے قریب وفاقی وزیر اکرم خان درانی کو بم حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس میں وہ محفوظ رہے تاہم دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر تندہی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024