قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار فتح

ایڈیٹر  |  اداریہ

 ابو ظہبی میں سری لنکا کیخلاف چوتھے ایک روزہ میچ میںپاکستان نے سری لنکا کو 8وکٹوں سے شکست دیکر سیریز جیت لی۔ پاکستان نے 226رنز کا ہدف 2وکٹوں کے نقصان پورا کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سری لنکا سے ون ڈے سیریز جیت کر کرکٹ کے شائقین کے تمام گلے شکوے دور کر دیئے ہیں۔پاکستان ٹیم میں تجربہ کا ر اور نوجوان کھلاڑیوں کا کمبی نیشن شاندار ہے۔حفیظ کے فارم میں آنے اور احمد شہزاد کی سمجھدار بلے بازی نے ٹیم کا ٹاپ آرڈر مضبوط بنادیا ہے جبکہ شرجیل خان اور صہیب مقصود کی شمولیت نے ٹیم میں نئی جان ڈال دی ہے شاہد آفریدی ، عمر اکمل اور بلاول بھٹی جیسے آل راﺅنڈ بھی ٹیم میں موجود ہیں جو کسی بھی وقت کھیل کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عمرگل کی واپسی سے پاکستان باﺅلنگ میں وہی مضبوطی لوٹ آئی ہے جس کے باعث قومی ٹیم نے دیگر ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھائی ہے۔ سری لنکا کیخلاف محمد حفیظ نے 3سنچریاں بنا کر اپنے کیرئیر کے 4000 رنز کا ریکارڈ ہی قائم نہیں کیا‘ رواں برس 1000 سے زائد رنز سکور کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ قومی ٹیم نے جس اتحاد و یکجہتی سے سری لنکا کے خلاف میچ کھیلے ہیں۔اگر اسی طرح وہ آئندہ بھی کھیلتے رہے تو فتح انکے قدم چومے گی۔ قومی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ امید ہے وہ مستقبل میں فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ذات کی بجائے ملک و قوم کیلئے کھیلے گی۔