بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑی پر فائرنگ‘ پلوامہ میں مجاہدین سے جھڑپ۔ پاکستان دہشت گرد ملک نہیں۔ شیلا جیکسن بھارت نے ہمیشہ عالمی قوانین کو پامال کیا۔ بڈگام میں ایک نہتے شہری کو جیپ کے آگے باندھ کر انسانی ڈھال بنانے کا واقعہ ہو یا خنجر سیکٹر میں گزشتہ روز اقوام متحدہ کے جھنڈے والی گاڑی کے فوجی مبصرین پر فائرنگ سنگین قسم کے جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کچلنے کے لئے ہرقسم کے غیر انسانی اور غیر اخلاقی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ بھارتی فوج اپنے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کر سکی اور نہ جانی مالی قربانیوں سے کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ اور جدوجہد ختم ہوئی۔ یہ پہلے دن کی طرح آج بھی پوری آب و تاب سے جاری ہے۔ پلوامہ میں بھارتی فوج سے مجاہدین کی جھڑپ کا واقعہ ہوا تو لوگ گھروں سے نکل آئے اور شدید پتھرا¶ کر کے مجاہدین کے گرد بھارتی فوج کا گھیرا¶ توڑ دیا۔ بھارت ہر عالمی قانون اور انسانی اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ عالمی برادری میں مظلوم اقوام کی دادرسی اقوام متحدہ کی اولین ذمہ داری قرار پاتی ہے جو اس نے پوری نہیں کی بلکہ مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے سے ہمیشہ اغماض برتا۔ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے۔ استصواب رائے اور آزادی کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم اور بربریت کی گواہی ایک دنیا دے رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت کو دہشت گردی کا شکار قرار دینا سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ امریکی ارکان کانگریس شیلا جیکسن اور ایل گرین نے ایک سیمینار میں خطاب کے دوران بجا طور پر باور کرایا ہے کہ پاکستان دہشت گرد ملک نہیں‘ بلکہ دہشت گردی کا شکار ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کریں گے۔ امریکی ارکان کانگریس کا یہ عزم خوش آئند ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری صورت حال اقوام متحدہ کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہونا چاہئے۔ اس کے فورم پر اس کی اپنی منظور کی ہوئی قراردادیں موجود ہیں‘ اسے بھارت پر دبا¶ ڈال کر ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے پیش رفت کرنا چاہئے تاکہ علاقائی اور عالمی امن کو بھارت کی جنونیت سے لاحق خطرات ٹل سکیں۔ پاکستان کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم‘ انسانیت سوز قوانین اور انسانی حقوق کی پائمالی جیسے معاملات جنیوا میں انسانی حقوق کمشن میں اٹھانے چاہئیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38