چھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی! عملدرآمد یقینی بنائیں

ایڈیٹر  |  اداریہ
چھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی! عملدرآمد یقینی بنائیں

چھوٹے کاشت کاروں کو بلاسود قرضے دینگے مارک اپ حکومت برداشت کریگی، وزیر اعلیٰ پنجاب۔ زراعت کی ترقی سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔
زرعی ملک ہونے کے ناطے حکمرانوں کی زراعت پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔ صوبہ پنجاب میں زراعت کی ترقی کیلئے کسانوں اور زمینداروں کیلئے حکومت کی طرف سے نئے بجٹ میں رعایتوں کا اعلان کیا گیا ہے، وہ خوش آئند ہے۔ اس پر اگر خلوص نیت سے عمل بھی کرلیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ صوبے کے کاشتکاروں کو فائدہ نہ ہو اور زراعت ترقی نہ کرے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی اور ان پر لاگو مارک اپ خود برداشت کرنے کے اعلان پر اگر صحیح معنوں میں عمل کیا جائے تو اس سے صوبہ میں زرعی خوشحالی کا دور دورہ ہو سکتا ہے اورکسانوں کی حالت بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے ورنہ اس سے قبل بھی زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا گیا جو حقیقی معنوں میں عمل درآمد کے منتظر ہی رہے اور اس کا کوئی خاص فائدہ زرعی شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کو نہیں ہو سکا۔