وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی مہم کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کی مہم یکم جولائی سے شروع کی جائیگی۔ وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئر مین نادرا نے کہا شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے جس میں روزانہ 10ہزار کالز اور ڈیڑھ لاکھ ایس ایم ایس وصول کر نے کا انتظام کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے اجلاس کے دوران نادرا چیئرمین کو ہدایت کی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کا عمل 6ماہ میں مکمل کیا جائے۔
افغان مہاجرین کے بھیس میں پاکستان میں موجود افغانستان اور بھارت کے ایجنٹ پکڑے جانے کے بعد حکومت نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کا فیصلہ کیا۔ اب ایک بار پھر ہر شناختی کارڈ ہولڈر کو نادرا کی چیکنگ سے گزرنا ہو گا۔ اس عمل کے بارے میں وزارت داخلہ نے ابھی تک عوام کو آگاہ نہیں کیا۔ حکومت اس حوالے سے اشتہاری مہم چلانے کا اعلان کر چکی ہے۔ حکومت کی طرف سے افغان مہاجرین کی وجہ سے کروڑوں شہریوں کو شناختی کارڈ کی تصدیق اور چیکنگ کے مراحل سے ایک بار پھر گزرنا ہو گا لیکن افغان مہاجرین کی واپسی کا حکومت نے کوئی لائحہ عمل طے اور جاری نہیں کیا۔ اگر ان کو واپس بھجوانے میں مصلحتیں آڑے نہیں آ رہیں تو اب تک انکی واپسی کا شیڈول جاری کر دینا چاہئے تھا۔ یہ عمل نادرا کی صلاحیتوں کے امتحان کے مترادف ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ شناختی کارڈ کی تصدیق کے ساتھ ہی جعلی دستاویزات رکھنے والے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک روانہ کیا جائے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38