کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک فرقان نے کہا ہے کہ گذشتہ روز پنجاب ریونیو اتھارٹی نے غیر قانونی طور پر کیبل آپریٹرز کے چار ہیڈ اینڈز کو بند کردیا جس پر پوری کیبل ایسوسی ایشن احتجاج کرتی رہی ہے۔ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن عوام کو سستی تفریح اور حالات حاضرہ سے باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں کیبل آپریٹرز کی آمدنی سے پیمرا آگاہ ہے، پیمرا کے پاس اس کا مکمل ریکارڈہے۔ کیبل آپریٹرز پر اگر کوئی ٹیکس لگانا ہے تو وہ پیمرا کے دائرہ اختیار میں ہے لیکن پنجاب ریونیو نے گزشتہ روز چار ہیڈرز بند کردئیے ہیں جس پر کیبل آپریٹرز سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے کیبل بند کرنے کی بھی دھمکی دے دی ہے۔ حکومت اس طرف توجہ دے۔ اگر دیگر محکموں کی طرح کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن والے بھی سڑکوں پر آگئے تو حکومت کے لیے مزیدمشکلات پیدا ہونگی اور انکی ہڑتال سے عوام سستی تفریح اور اطلاعات تک رسائی کے حق سے بھی محروم ہو جائینگے اس لیے کیبل آپریٹرز کا جائز مطالبہ فی الفور تسلیم کرلیا جائے کہ پیمرا جو ٹیکس عائد کرے گا وہ اس کے ادا کرنے کے پابند ہیں۔ پنجاب ریونیو کو ٹیکس عائد کرنے کا اختیار ہی نہیں ہے۔ پنجاب حکومت یہ نوبت نہ آنے دے کہ یہ لوگ کیبل بند کرکے سڑکوں پر نکل آئیں۔ اس سے قبل ان کے مسائل حل کیے جائیں۔ کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے بقول حکومت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے کیبل آپریٹرز کو ختم کرنے کے حالات پیدا کررہی ہے۔ اس سے تصادم جنم لے گا جو کسی بھی فریق کے لیے نیک شگون نہیں ہوگا لہٰذا مزید کشیدگی کی بجائے مسائل کو حل کرنیکی جانب بڑھا جائے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024